آبنائے ہُرمز میں کنٹینر بردار بحری جہازوں پر فائرنگ کی اطلاعات کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ
آبنائے ہُرمز میں کم سے کم تین کنٹینر بردار بحری جہازوں پر فائرنگ کی اطلاعات کے بعد بدھ کو بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا اور برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے زیادہ ہو گئی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کو سعودی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 42 منٹ پر برینٹ خام تیل کی قیمت 1.59 ڈالر یا 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 100.07 ڈالر فی بیرل پر تھی۔
ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 1.51 ڈالر، یا 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 91.18 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ منگل کو برینٹ خام تیل اور ویسٹ ٹیکساس کی قیمت میں قریباً 3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
میری ٹائم سکیورٹی ذرائع اور یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ بدھ کو آبنائے ہُرمز میں کم سے کم تین کنٹینر بردار بحری جہاز فائرنگ کی زَد میں آئے۔
ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے حملے اور بعدازاں امریکی بحریہ کی جانب سے اُس کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے جواب میں غیرملکی بحری جہازوں کے آبنائے ہُرمز سے گزرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کی میعاد ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل اس میں غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت دوبارہ شروع کی جا سکے۔
یہ اعلان بظاہر یک طرفہ معلوم ہوتا ہے، اور فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ایران، یا امریکہ کے اتحادی اسرائیل، دو ہفتے قبل شروع ہونے والی جنگ بندی میں توسیع پر راضی ہوں گے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان پر ایران کے سینیئر ترین رہنماؤں کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
فروری کے آخر میں ایران کی جنگ شروع ہونے تک آبنائے ہُرمز عالمی تیل اور مائع قدرتی گیس کی قریباً 20 فیصد سپلائی کا اہم ذریعہ تھا۔
