بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، دو نئے کھلاڑی شامل
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جو 8 مئی سے ڈھاکا کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کرک انفو کے مطابق سکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جن میں ٹاپ آرڈر بیٹر تنزید حسن اور وکٹ کیپر بیٹر امیت حسن شامل ہیں۔
تنزید حسن اس سے قبل محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، جبکہ امیت حسن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے۔
چیف سلیکٹر حبیب البشر کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی کافی عرصے سے سلیکشن کمیٹی کی نظر میں تھے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر موقع کے مستحق تھے۔ ان کے مطابق تنزید حسن کی تکنیک مضبوط ہے اور وہ طویل فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت حسن فرسٹ کلاس کرکٹ میں نہایت مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں، ان کا مزاج ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، جہاں صبر اور نظم و ضبط بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
سکواڈ میں فاسٹ بولرز شرف الاسلام اور تسکین احمد کی بھی واپسی ہوئی ہے، جبکہ آف سپنر نعیم حسن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تسکین احمد نے اپنا آخری ٹیسٹ دسمبر 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا، اس لیے ان کی واپسی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب خالد احمد، جاکر علی، حسن محمود اور حسن مراد کو سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 8 مئی سے ڈھاکا میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کے پندرہ رکنی سکواڈ میں نجمل حسین شانتو (کپتان)، محمود الحسن جوئے، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نعیم حسن، عبادت حسین، شرف الاسلام، تسکین احمد، نہید رانا، تنزید حسن اور امیت حسن شامل ہیں۔