’ہمارے دل خوشی سے بھر گئے،‘ وائٹ ہاؤس ترجمان کیرولین لیویٹ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے جمعرات کو اپنی دوسری اولاد کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔ ان کے ہاں ایک بیٹی کی ولادت ہوئی ہے جس کا نام ویویانا رکھا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 28 سالہ کیرولین لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکریٹری ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لکھا، ’یکم مئی کو ویویانا، جسے ہم ’ویوی‘ کہتے ہیں، ہمارے خاندان کا حصہ بنی اور ہمارے دل خوشی سے بھر گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ بچی مکمل طور پر صحت مند ہے جبکہ اس کا بڑا بھائی بھی اپنی بہن کے ساتھ زندگی میں خوشی خوشی ہم آہنگ ہو رہا ہے۔
ان کے بقول خاندان اس وقت نومولود کے ساتھ خوبصورت لمحات سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔
کیرولین لیویٹ نے اپنی نومولود بیٹی کو گود میں اٹھائے ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ بچوں کے کمرے میں موجود ہیں۔
انہوں نے 24 اپریل کو زچگی کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا، تاہم ان کی بریفنگ روم میں آخری موجودگی 28 اپریل کو ہوئی، جب ایک مسلح شخص نے مبینہ طور پر وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تقریب میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
یہ صورتحال 2024 کے موسمِ گرما میں ان کے بیٹے نکولس کی پیدائش سے ملتی جلتی تھی، جب وہ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں اُس وقت کے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے چند روز بعد ہی دوبارہ انتخابی مہم میں واپس آ گئی تھیں۔
وائٹ ہاؤس نے تاحال کیرولین لیویٹ کی جگہ کسی مستقل متبادل کا اعلان نہیں کیا، تاہم اس ہفتے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عارضی طور پر پریس بریفنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔