سونے کی قیمت میں بڑی کمی، تاریخی بلندی کے بعد پاکستان میں جمعہ 19 جون کو نرخ کیا رہے؟
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 149 ڈالر کم ہو گئی ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں جمعے کو نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت میں تقریباً 15 ہزار روپے کی کمی ہو گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 14 ہزار 900 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 36 روپے پر آ گئی۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 13 ہزار 410 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 74 ہزار 205 روپے جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 12 ہزار 190 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 43 ہزار 325 روپے ہو گئی۔
یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا اور قیمتیں تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 149 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 156 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 413 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 946 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 373 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 895 روپے ہو گئی۔
عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی 4.13 ڈالر کم ہو کر 64.67 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔