Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 گول کی خوشی منانا فٹ بالر کو مہنگا پڑ گیا، اچانک سُرنگ میں جا گرے

فٹ بال میں گول کے بعد کھلاڑی اکثر شائقین کی طرف دوڑتے اور جشن مناتے ہیں، لیکن برازیل کے ایک فٹبالر کے ساتھ جشن مناتے ہوئے ایسا واقعہ پیش آیا کہ وہ چند لمحوں کے لیے تماشائیوں کی نظروں سے ہی اوجھل ہوگئے۔
برازیل کی ٹاپ فٹ بال لیگ کے میچ میں کوریٹیبا کے 29 سالہ دفاعی کھلاڑی جاسی نے شاپیکونسی کے خلاف گول کیا تو وہ شائقین کے ساتھ جشن منانے کے لیے میدان کے کنارے لگے اشتہاری بورڈ کی طرف دوڑے۔
جاسی نے گیند اپنی شرٹ کے اندر رکھی اور شائقین کے قریب جانے کے لیے اشتہاری بورڈ پھلانگ دیا، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ بورڈ کے دوسری جانب ایک کھلی سُرنگ موجود ہے۔
بورڈ پھلانگتے ہی جاسی اچانک سۃرنگ میں جا گرے اور چند لمحوں کے لیے شائقین کی نظروں سے غائب ہوگئے۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاسی کے اچانک نیچے گرنے پر تماشائی حیران رہ جاتے ہیں، تاہم فٹ بالر جلد ہی اٹھ کر دوبارہ باہر آتے ہیں اور گول کا جشن جاری رکھتے ہیں۔
لیکن فٹ بالر کے لیے حیرت کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔
جس گول کی خوشی میں جاسی شائقین کی طرف دوڑے تھے، ویڈیو اسسٹنٹ ریفری یعنی وی اے آر کے جائزے کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا اور گول منسوخ ہوگیا۔
جاسی نے میچ کا پہلا ہاف مکمل کیا، تاہم دوسرے ہاف میں ٹخنے کی انجری کے باعث انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔ میچ میں کوریٹیبا نے شاپیکونسی کو 1-2 سے شکست دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کوریٹیبا کے ہوم گراؤنڈ ’سٹیڈیو میجر انتونیو کوٹو پریرا‘ میں ایسا واقعہ پہلے بھی پیش آچکا ہے۔
2014 میں کوریٹیبا کے سابق کھلاڑی جوئل نے بھی گول کے بعد اسی اشتہاری بورڈ کو پھلانگنے کی کوشش کی تھی اور اسی جگہ جا گرے تھے۔ اس وقت اس کھلے حصے کو ترپال سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔
حالیہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین بھی فٹبالر کے اچانک سُرنگ میں گرنے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
کچھ صارفین نے اس واقعے کو ’ایسا جشن جس میں سب کچھ غلط ہوگیا‘ قرار دیے رہے ہیں جبکہ بعض نے وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے کہ جاسی پہلے گول کی خوشی میں سُرنگ میں جا گرے اور پھر وہی گول وی اے آر کی وجہ سے منسوخ بھی ہوگیا۔

شیئر: