سفید چاول کو دال، انڈوں، مچھلی، چکن یا پنیر کے ساتھ کھانے سے غذا زیادہ متوازن اور پیٹ بھرنے والی بن سکتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد اکثر سفید چاول کو اپنی خوراک سے مکمل طور پر نکال دیتے ہیں، کیونکہ اسے زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی غذا سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق سفید چاول کھانا لازمی طور پر وزن بڑھنے کی وجہ نہیں بنتا، بلکہ مقدار، مجموعی کیلوریز اور کھانے کے طریقے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ’شاردا کیئر ہیلتھ سٹی‘ کے ڈائریکٹر برائے ’انٹرنل میڈیسن‘ ڈاکٹر چراغ ٹنڈن نے کہا کہ ’صرف چاول خود بخود وزن بڑھانے کا سبب نہیں بنتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزن کم یا بڑھنے کا تعلق کھانے کی مقدار، روزانہ لی جانے والی مجموعی کیلوریز، چاول کے ساتھ استعمال ہونے والی غذاؤں اور مجموعی غذائی عادات سے ہوتا ہے۔‘
ماہرین کے مطابق ’وزن کم کرنے کے لیے بنیادی اصول یہ ہے کہ جسم جتنی توانائی استعمال کرتا ہے، اس سے کم کیلوریز لی جائیں۔ اس لیے سفید چاول بھی مناسب مقدار میں متوازن غذا کا حصہ بن سکتے ہیں۔‘
تاہم سفید چاول ایک ریفائنڈ اناج ہیں، جن میں پروسیسنگ کے دوران فائبر اور بعض غذائی اجزا کم ہو جاتے ہیں۔ کم فائبر کی وجہ سے سفید چاول نسبتاً جلد ہضم ہو سکتے ہیں اور بعض افراد کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس نہیں ہوتا، جس کے باعث بھوک جلد لگ سکتی ہے۔
ڈاکٹر چراغ ٹنڈن کے مطابق ’اصل مسئلہ صرف چاول نہیں بلکہ ان کی مقدار اور ساتھ کھائی جانے والی غذا ہے۔ مثال کے طور پر بڑی مقدار میں چاول کے ساتھ تلی ہوئی اشیا، زیادہ تیل والی گریوی یا میٹھے مشروبات استعمال کرنے سے کھانے میں کیلوریز نمایاں طور پر بڑھ جاتی ہیں۔‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’وزن کم کرنے والے افراد کو پلیٹ کا زیادہ حصہ چاول سے بھرنے کے بجائے ان کی مقدار معتدل رکھنی چاہیے، جبکہ باقی پلیٹ میں سبزیاں اور پروٹین شامل کرنا بہتر ہے۔‘
سفید چاول کو دال، انڈوں، مچھلی، چکن یا پنیر کے ساتھ کھانے سے غذا زیادہ متوازن اور پیٹ بھرنے والی بن سکتی ہے۔
متوازن کھانے میں مناسب مقدار میں چاول، دال، پکی ہوئی سبزیاں اور سلاد شامل کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
پروٹین بھوک کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے جبکہ سبزیاں فائبر، وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں۔
ایک متوازن کھانے میں مناسب مقدار میں چاول، دال، پکی ہوئی سبزیاں اور سلاد شامل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی خبردار کیا کہ چاول پکانے یا پیش کرنے کا طریقہ بھی اہم ہے۔ زیادہ مقدار میں تیل، مکھن یا کیلوریز سے بھرپور اجزا شامل کرنے سے سادہ چاول بھی زیادہ کیلوریز والی غذا بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹر چراغ ٹنڈن کے مطابق ’وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو کسی ایک غذا سے خوفزدہ ہونے کے بجائے متوازن اور پائیدار غذائی عادات اپنانی چاہئیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ کو سفید چاول پسند ہیں تو انہیں مکمل طور پر چھوڑنے کی ضرورت نہیں، بلکہ مناسب مقدار، متوازن غذا اور مجموعی کیلوریز پر توجہ دینا وزن کم کرنے کے لیے زیادہ اہم ہے۔‘