Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فجی کی عدالت سے تقریباً 40 کلو کوکین چوری، آٹے سے تبدیل کردی گئی

تقریباً 40 کلوگرام کوکین ایک بڑے منشیات مقدمے کے ثبوت کے طور پر عدالت میں محفوظ تھی۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
بحرالکاہل کے ملک فجی میں ایک بڑے منشیات مقدمے کے ثبوت کے طور پر عدالت میں محفوظ تقریباً 40 کلوگرام کوکین چوری ہوگئی، جس کی جگہ آٹا رکھ دیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق تقریباً 40 کلوگرام کوکین ایک بڑے منشیات مقدمے کے ثبوت کے طور پر عدالت میں محفوظ تھی، تاہم 15 ستمبر کو معائنے کے دوران سووا ہائی کورٹ میں موجود کوکین کے 39 پیکٹوں میں سے 7 غائب پائے گئے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ باقی تمام پیکٹوں میں بھی اصل کوکین موجود نہیں تھی اور فرانزک ٹیسٹ میں ان میں موجود مواد میں کوکین کی تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ کوکین 2019 میں فجی اور کینیڈین شہری ’جوشوا رحمان‘ کے خلاف مقدمے میں ضبط کی گئی تھی، جس کی مالیت 3 کروڑ فجی ڈالر یعنی تقریباً 1 کروڑ 33 لاکھ امریکی ڈالر تھی۔ 
سرکاری ریکارڈ کے مطابق جوشوا رحمان کو کوکین غیر قانونی طور پر رکھنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔
ضبط کی گئی منشیات اپیلوں کی سماعت کے دوران سووا ہائی کورٹ میں محفوظ رہیں۔
 فجی کے پولیس کمشنر روسیئٹے تودراوو نے بتایا کہ کوکین مارچ 2021 میں عدالت کے محفوظ خانے میں رکھی گئی تھی، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چوری کب ہوئی۔
پولیس نے عدالتی محکمے سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کی نشاندہی کی ہے جنہیں محفوظ خانے تک رسائی حاصل تھی۔ پولیس کے مطابق ان میں سے ایک شخص اس وقت ملک سے باہر ہے۔
حکام نے عدالت میں موجود دیگر تمام شواہد کی بھی دوبارہ جانچ شروع کردی ہے، جن میں ضبط کی گئی نقد رقم بھی شامل ہے۔

کوکین کی چوری نے فجی میں شواہد کی حفاظت اور عدالتی سکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔(فوٹو:گیٹی امیجز)

کوکین کی چوری نے فجی میں شواہد کی حفاظت اور عدالتی سکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ اپوزیشن رہنما جون اساموتے نے پارلیمنٹ میں کہا کہ کوکین کی جگہ آٹا رکھ دیا جانا اس بات پر سوال اٹھاتا ہے کہ عدالت میں موجود دیگر شواہد واقعی وہی ہیں جو ریکارڈ میں درج ہیں یا نہیں۔
وزیر انصاف سیرو می توراگا نے واقعے پر مایوسی اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہائی کورٹ کی سکیورٹی بہتر بنانے اور شواہد کی حفاظت کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فجی اپنے دوستانہ ماحول، سفید ریت کے ساحلوں اور مرجانی چٹانوں کے باعث سیاحوں میں مقبول ہے، تاہم ملک کو کئی برس سے منشیات کی بڑھتی ہوئی سمگلنگ کا سامنا ہے۔
فجی امریکا سے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ایشیا کے بعض حصوں تک منشیات کی ترسیل کے لیے ایک اہم راستہ بن چکا ہے۔
 کارٹلز کی جانب سے سمگل کی جانے والی میتھ ایمفیٹامائن کے بڑے ذخیرے بھی سامنے آئے ہیں، جس کے باعث ملک میں نشے کا بحران بڑھا ہے۔
وزیر انصاف سیرو می توراگا نے کہا کہ کوکین کے غائب ہونے کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بات کر رہی ہے۔ 
ان کے بقول یہ واقعہ مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے اور ذمہ دار پائے جانے والے ہر شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یہ رواں سال فجی میں منشیات کے شواہد غائب ہونے کا واحد واقعہ نہیں۔ مارچ میں ایک الگ مقدمے سے متعلق ضبط کی گئی 12 کلوگرام کوکین بھی غائب پائی گئی تھی۔
صحافیوں نے پولیس کمشنر سے سوال کیا کہ مارچ کے واقعے کے بعد عدالت میں سکیورٹی کیوں نہیں بڑھائی گئی اور کیا سکیورٹی میں اضافے سے دوسری چوری روکی جاسکتی تھی۔
پولیس کمشنر روسیئٹے تودراوو نے کہا کہ پولیس اور حکومت اس معاملے پر تشویش میں مبتلا ہیں اور واقعے کی تحقیقات تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شیئر: